ٹانگیں کھینچنے والوں میں شامل ہوکر زرداری کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا : اشفاق سرور

لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور وزیر محنت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے نوازشریف آئین‘ قانون اور انصاف کی بالادستی کیلئے جدوجہد کرکے پاکستان کے عوام کی آنکھوں کا تارا بن چکے ہیں۔ ٹانگیں کھینچنے والوں کی صف میں شامل ہوکر آصف زرداری کے ہاتھ رسوائی کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا ہے اور ملک ترقی و خوشحالی کا سفر کامیابی سے طے کر رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مزدوروں کے حقوق کی پاسبان ہے۔ پچھلے چار برس میں پنجاب میں مزدوروں کو رہائش اور ان کے بچوں کو تعلیم کی ریکارڈ سہولتیں فراہم کی گئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دفاتر نوائے وقت کے دورے کے موقع پر کیا۔ قبل ازیں انہوں نے ایڈیٹر نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ راجہ اشفاق سرور نے مزید کہا کہ دھرنا سیاست نے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا جبکہ دھرنوں کی وجہ سے عوام کو بہت مشکلات کا سامنا رہا۔ انہوں نے ملک کی دینی و سیاسی قیادتوں سے اپیل ہے احتجاج کرتے ہوئے عوام کو مشکلات میں ڈالنے سے اجتناب کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ماضی میں حکمرانوں نے اپنے خلاف دھرنا دینے اور ریلیاں نکالنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے نوازشریف کی قیادت میں رواداری کی نئی مثالیں قائم کیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا احتجاج جمہوری حق ہے اور پنجاب حکومت ہر بڑے چھوٹے شہر میں احتجاج کیلئے الگ جگہ مخصوص کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ عوام کو سڑکوں کی بندش سے پہنچنے والے نقصان اور مشکلات سے بچایا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) الیکشن 2018ء میں پوری تیاری کے ساتھ جائے گی۔ الیکشن 2013ء کے موقع پر مسلم لیگ (ن) نے جو انتخابی منشور پیش کیا تھا‘ اس پر پانچ سال پورے ہونے سے پہلے لگ بھگ عمل کر دیا ہے۔ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ ملک کی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہو چکی ہے اور امن و امان کی حالت بہتر ہوئی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے میں حکومت نے شاندار کردار ادا کیا اور افواج پاکستان و دیگر عسکری اداروں کی معاونت سے پاکستان میں دہشت گردی کے اڈوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگا ڈاکٹر صاحب قانونی جنگ لڑیں۔ عوام انتشار پھیلانے والی سیاست کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔ الیکشن 2018ء میں عوام اس سلسلے میں یقیناً فیصلہ دیں گے اور کارکردگی کی بنیاد پر نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی دلائیں گے۔ 

اشفاق سرور