دہشت گردی کیخلاف قوم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائے‘ ملکی مسائل حل کرنے کیلئے ہر ایک کے پاس جانے کو تیار ہوں : شہباز شریف

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان آج شدید مشکلات میں گھرا ہے اور ملک میں رواداری‘ بھائی چارے‘ صبروتحمل اور اتحاد و یگانگت کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ سب مل بیٹھ کر ملک کو درپیش مسائل کا حل نکالیں اور اس مقصد کےلئے میںہر ایک کے پاس جانے کو تیار ہوں۔ ارکان اسمبلی سے ملاقات میں انہوں نے منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کا سامنا ہے اور اس ناسور کو ختم کئے بغیر ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا‘ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے وطن عزیز کو غیرمستحکم کرنے اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے ہمیں بیش بہا وسائل سے نوازا ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ 63برسوں کے دوران ان وسائل کو ترقی دینے کی بجائے غیروں کی امداد پر انحصار کیا گیا‘ آج بیرونی امداد ہمارے لئے افیون کے نشے کی شکل اختیار کر چکی ہے صورتحال یہ ہے کہ ہمارا بال بال قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ معاشی آزادی کے بغیر سیاسی آزادی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا اور یہ آزادی تبھی ممکن ہے جب ہم اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے خودانحصاری کی منزل پانے کے لئے وسائل کو ترقی دینے کے سفر کی جانب تیزی سے آگے بڑھیں۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیںسادگی کو فروغ دینا اور کرپشن کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے احتساب کا کڑا نظام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ حکومتوں کو سادگی کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے پہلے خود مثال بننا ہو گا۔ پنجاب حکومت صوبے میں گڈ گورننس ‘ میرٹ اور سادگی کو فروغ دینے کی جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔کرپشن کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے۔ غیر ترقیاتی اخراجات میں خاطر خواہ کمی کر کے تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر نچھاور کئے جا رہے ہیں۔ جمہوریت عوام کی خدمت کا نام ہے ہم قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف کی قیادت میں اس مشن پر پوری طرح عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے منتخب نمائندوں سے کہا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر سعید الٰہی‘ میاں محمد نعمان اور خواجہ عمران نذیر بھی شامل تھے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت صوبے میں کم لاگت ہاﺅسنگ سکیم ”آشیانہ“ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا جس میں رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی شیخ علاﺅالدین اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کم لاگت ہاﺅسنگ سکیم آشیانہ کا آغاز حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام ہے اس سے کم آمدنی والے افراد کا اپنا گھر اپنی جنت کا خواب پورا ہو گا۔ ان سکیموں میں زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں میسر ہوں گی۔ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کا آغاز لاہور سے کیا جا رہا ہے اس مقصد کے لئے شہر کے قریب ترین مقام کا انتخاب کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق آشیانہ ہاﺅسنگ سکیموں کے منصوبے کو بھی نہایت شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا ان سکیموں میں گھر قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کئے جائیں گے۔ شیخ علاءالدین نے اجلاس میں بتایا کہ حکومت پنجاب کے کم آمدنی والے افراد کے لئے فلاحی منصوبے ”آشیانہ“ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے لاہور اور دیگر شہروں میں منصوبے پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔
شہباز شریف