مہنگائی جاری، رمضان کے پہلے ہفتے پھلوں، سبزیوں کی قیمت میں 50 فیصد تک اضافہ

مہنگائی جاری، رمضان کے پہلے ہفتے پھلوں، سبزیوں کی قیمت میں 50 فیصد تک اضافہ

لاہور (خبرنگار) پنجاب حکومت کے رمضان کے مبارک مہینے میں قیمتوں پر کنٹرول کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے۔ رمضان کے پہلے ہی ہفتے میں تقریباً تمام پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں 5 سے 50 فیصد اضافہ ہو گیا ہے اور حکومت خود ’’نرخنامہ‘‘ چھاپنے کے باوجود ’’سب اچھا‘‘ اور ’’سب کنٹرول میں ہے‘‘ کی رٹ لگاتے ہوئے پہلے عوام کو دکھانے کیلئے وزراء ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، ڈی سی اوز روزانہ رمضان بازاروں، اتوار بازاروں کے دورے کر رہے ہیں مگر ان بازاروں میں اے کیٹیگری کے پھل اور سبزیوں کے نام پر بی کیٹیگری کے پھل اور سبزیاں بھیجی جا رہی ہیں یا دونوں کو ملا کر فروخت کیا جا رہا ہے۔ رمضان میں فروٹ چاٹ لاہوریوں کی سب سے پسندیدہ ڈش ہے جس میں سیب، کیلا، امرود، انگور استعمال ہوتے ہیں، امرود کا سیزن بھی ہے۔ سیب سٹورز میں ’’محفوظ‘‘ موجود ہے مگر اس کی قیمت مسلسل اوپر جارہی ہے اور رمضان بازار میں ’’حکومتی سٹال‘‘ پر کالا کلو سیب 285 روپے کلو میں فروخت ہوتا رہا جبکہ عام مارکیٹ میں یہ سیب 300 سے 375 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ کیلا بھی مسلسل مہنگا ہو رہا ہے اور عام بازار میں کیلا 150 سے 200 روپے درجن میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ رمضان بازار میں کیلا گذشتہ ہفتے کی نسبت 12 روپے کے اضافے سے 102 روپے درجن فروخت ہوا مگر وہ بھی چھوٹے سائز کا کیلا تھا۔ انگور بازار میں آ گیا ہے مگر سندرخانی 252 روپے، گولہ انگور 182 اور انگور کالا 202 روپے کلو کے نرخ اتوار بازار میں مقرر کیے گئے اور ان نرخوں پر یہ دستیاب نہیں تھا۔ گذشتہ روز اتوار بازار میں دیگر پھلوں میں آلو بخارا 10 روپے اضافہ سے 142، آلو بخارہ دوم 12 روپے اضافے سے 102، آڑو اول 8 روپے اضافہ سے 150، آڑو دوم 40 روپے اضافہ سے 115، الیچی 40 روپے اضافہ سے 200 روپے، خوبانی سفید 24 روپے اضافے سے 140، خوبانی موٹی 43 روپے اضافے سے 116، سیب سفید 9روپے اضافہ سے 92، سیب پہاڑی 2 روپے اضافہ سے 148، سیب سدرنی 5 روپے اضافہ سے 90، سیب امری 10 روپے اضافہ سے 86، انار دیسی 116، کیلا دوم 9روپے اضافہ سے 62، کھجور راہدانی 3 روپے کمی سے 162، کھجور اصل 2 روپے اضافہ سے 128 آم انور رٹول 102، آم چونسہ 95، آم سہارنی 3 روپے اضافہ سے 62، آم سندھڑی 7 روپے اضافہ سے 90 ، آم دوسہری 5 روپے اضافے سے 93، آم دیسی 5 روپے اضافہ سے 38، گرما 20 روپے اضافہ سے 58 ، آم لنگڑا 6 روپے اضافہ سے 47، آم فحری 2 روپے اضافہ سے 50 روپے کلو ہو گیا۔ آلو کچا چھلکا 7 روپے اضافہ سے 65، آلو شوگر فری 4 روپے اضافہ سے 57، آلو بھارتی ایک روپیہ اضافہ سے 41، پیاز 8 روپے اضافہ سے 35، ٹماٹر 38، لہسن دیسی 6 روپے اضافہ سے 92، لہسن چائنہ100 ، ادرک سنگاپور 18 روپے کمی سے 254، ادرک برما 40 روپے کمی سے 150، پالک 5 روپے اضافہ سے 20، بینگن 9 روپے اضافے سے 25، کھیرا 9 روپے کمی سے 31، کریلا ایک روپیہ کمی سے 39، لیموں دیسی 32 روپے کمی سے 102، آچار کچا آم 14 روپے اضافہ سے 33، پھلیاں 12 روپے اضافہ سے 73 بند گوبھی 16 روپے اضافہ سے 50، پھول گوبھی ایک روپیہ اضافہ سے 43، سبز مرچ 24 روپے اضافہ سے 47، سبز مرچ دیسی 30 روپے اضافہ سے 95، شملہ مرچ 34، اروی 64، گھیا توری 41، مٹر 8روپے اضافہ سے 109، بھنڈی 45، ٹینڈے 65، شلجم 35 روپے کلو فروخت ہوئے۔