لیاقت آباد سے ملنے والی 2 بوری بند نعشوں کی شناخت، تعلق ہری پور سے تھا

لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ لیاقت آباد کے علاقہ سے بوری بند نعشوں کی شناخت ہو گئی، مقتول افراد ہری پور کے رہائشی تھے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بیوی سے جھگڑا کرنے پر سالوں نے قتل کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ لیاقت آباد کے علاقہ آر بلاک کے قریب نالے سے 3 روز قبل 2 بوری بند نعشیں ملی تھیں۔ لاشوں کے پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دیا گیا۔ گذشتہ روز ہری پور کے رہائشی احسن نامی شخص نے پولیس سے رابطہ کیا اور اپنے بھائی کی گمشدگی کے متعلق بتایا جس پر پولیس نے بوری میں ملی نعشوں کی شناخت کرائی جسے احسن نے شناخت کر لیا۔ پولیس کو مدعی نے بتایا کہ اس کے بھائی خالد کی تیل کی ایجنسی ہے اور خدا بخش اس کا ملازم تھا، چند روز قبل خالد کا اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا تھا اور خالد کی بیوی واپس ہری پور چلی گئی تھی جبکہ خالد اور خدا بخش لاپتہ ہو گئے تھے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ بیوی کے رشتہ داروں نے خالد اور خدا بخش کا قتل کیا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی جا رہی ہیں، ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ اصل حقائق جلد سامنے آ جائیں گے۔
نعشوں کی شناخت