لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش، موسم خوشگوار ہو گیا

 لاہور(آئی این پی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود  رہا،   بوندا باندی  اور تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، گرمی کی شدت میں کمی سے روزہ داروں نے سکھ کا سانس لیا۔ لاہور پر سرمئی بادل چھائے رہے، مختلف علاقوں میں تیز ہوا اور بوندا باندی سے موسم دلنشیں ہو گیا جس نے چھٹی کا لطف دوبالا کر دیا ۔ شہریوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے کیلئے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا۔ سرگودھا، ساہیوال، ننکانہ صاحب، گوجرہ اور کلور کوٹ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار  ہوگیا۔