ستوکتلہ میں تیزرفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹے کو کچل کر ہلاک کر دیا، 2 بچے زخمی

لاہور (نامہ نگار) ستوکتلہ کے علاقہ میں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹے کو کچل کر ہلاک جبکہ دو بچوں کو شدید زخمی کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ستوکتلہ کے علاقہ پنجاب سوسائٹی کا رہائشی دکاندار عامر سعید اپنے دو سالہ بیٹے فائق، چار سالہ بیٹے وہاب اور قاسم کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے سسرال ٹائون شپ آیا۔ جس کے بعد وہ بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے گھر واپس پنجاب سوسائٹی جارہا تھاکہ ستوکتلہ کے علاقہ میں تیزرفتار ٹرک نے ان کو ٹکر مار دی جس سے ٹرک کے ٹائروں تلے آکر عامر سعید اور اس کا دو سالہ بیٹا فائق موقع پر ہی ہلاک جبکہ وہاب اور قاسم زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے ٹرک ڈارئیور حیدر کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ زخمی ہونے والے دونوں بچوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ نعشیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا جبکہ عامر کی بیوی صدمے سے بے ہوش ہوگئی۔ پولیس نے متوفی کے بھائی عمران کی درخواست پر ڈرائیور حیدر کے خلاف مقدمہ درج کرکے ٹرک قبضے میں لے لیا ہے۔
باپ بیٹا ہلاک