ایک فرد کی پابندی، لاہور ائرپورٹ پر مسافروں اور ان کے اہل خانہ کے سکیورٹی حکام سے جھگڑے

لاہور (خبرنگار) ایئرپورٹوں پر مسافروں کو لینے اور چھوڑنے کے لئے ایک فرد کی پابندی شروع ہوتے ہی لاہور ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں سے مسافروں اور ان کے رشتہ داروں کے جھگڑے شروع ہوگئے۔ دور دراز کے علاقوں سے آنے والے اور لاہور کے پوش علاقوں سے آنے والے خاندان بھی اے ایس ایف اہلکاروں سے الجھتے نظر آئے۔ سب کا صرف ایک مطالبہ تھا کہ وہ ہر حال میں ایئرپورٹ لائونج تک ضرور جائیں گے مگر اے ایس ایف اہلکار ایسے تمام افراد کو ایئرپورٹ کی حدود سے باہر اتارتے رہے۔ البتہ ان گاڑیوں کے ساتھ مسئلہ ضرور ہوا جن میں بچے اور ایک ڈرائیور کسی عورت یا مرد سواری کو لینے یا چھوڑنے آئے تھے۔ بچوں کو گاڑیوں سے اتارنا ناممکن تھا۔ لہٰذا مسافروں سے کہا گیا کہ وہ اپنا سامان گھسیٹ کر ایئرپورٹ لائونج تک جائیں۔ ایئرپورٹ پر کام کرنے والی ایجنسیوں کے اہلکاروں نے سول ایوی ایشن کی اس پابندی کو سراہا ہے۔
ایئرپورٹ/ جھگڑے