ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے کلو اضافہ، گھریلو سلنڈر 120 روپے مہنگا

ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے کلو اضافہ، گھریلو سلنڈر 120 روپے مہنگا

لاہور+اسلام آباد (نیوز رپورٹر +خبر نگار) مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلوگرام اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 450 روپے اضافہ ہو گیا ہے، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے اوگرا کے قانون کے مطابق ملک بھر میں ایل پی جی 100 روپے فی کلو، 1150 روپے گھریلو سلنڈر عام صارفین کو دستیاب ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی مارکیٹنگ کمپنیوں PSO، PARCO، SSGC کی طرف سے قیمت میں کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ ایل پی جی مافیا بلیک مارکیٹنگ کر کے حکومت کو بدنام کرنے کی سازش میں سرگرم عمل ہے۔ بااثر مالکان کے سامنے اوگرا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے بلیک مارکیٹنگ کرنیوالی کمپنیوں کے خلاف 9 جولائی کو اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں ایسا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا جس سے فوری طور پر غریب عوام کو سستی گیس میسر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مذہبی تہواروں پر روزمرہ کی قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے لیکن افسوس پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے۔ وزیراعظم سے اپیل ہے کہ فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے کراچی 100روپے فی کلو کے حساب سے گھریلو سلنڈر 1150روپے، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، سیالکوٹ، حیدر آباد، سکھر 110روپے فی کلو کے حساب سے 1270روپے گھریلو سلنڈر، میرپور، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، پشاور، کوہاٹ، بنوں 115روپے فی کلو کے حساب سے 1330روپے گھریلو سلنڈر، راولپنڈی، اسلام آباد 130روپے فی کلو کے حسا سے 1510روپے گھریلو سلنڈر، مری نتھیا گلی، مظفر آباد، باغ، آزاد کشمیر، فاٹا 140روپے فی کلو کے حساب سے گھریلو سلنڈر 1630روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔