کارکن تیار ہیں، کسی بھی وقت احتجاج کا اعلان کر سکتا ہوں: طاہر القادری

کارکن تیار ہیں، کسی بھی وقت احتجاج کا اعلان کر سکتا ہوں: طاہر القادری

لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘خصوصی رپورٹر‘نیوز ایجنسیاں) عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ کنٹینر تیار ہے، کارکن بھی تیار رہیں، سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے تصدیق شدہ کاپی ملی ہے، اصل رپورٹ نہیں، پارٹی سے مشاورت جاری ہے، جلدی میں کوئی قدم اٹھانا نہیں چاہتے، شہدا کیلئے انصاف لینا ہمارا فرض ہے۔ کمشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عوامی تحریک نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کے استعفوں کا مطالبہ کردیا۔ حکومت پنجاب سے باقر نجفی رپورٹ لے لی۔ میں نے رپورٹ کا مطالعہ کرلیا ہے۔ وکلاء کررہے ہیں۔ آج وکلاء اور کور کمیٹی کی مشترکہ میٹنگ ہوئی، کسی بھی وقت احتجاج کا اعلان کرسکتے ہیں، کارکن تیار رہیں۔ اصل رپورٹ آنے تک کچھ حتمی نہیں کہا جاسکتا۔ رپورٹ شہبازشریف، رانا ثناء اللہ کو مجرم قرار دینے کیلئے کافی ہے۔ آپریشن کے فیصلے کی وزیراعلیٰ کے نمائندے توقیر شاہ نے تائید کی۔ اجلاس کے شرکا کو علم تھا کہ منہاج القرآن کے بیریئر قانونی ہیں۔ قبل ازیں (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کسی ایک پارٹی کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ وہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا پوری قوم چاہتی ہے اس سانحہ کے مظلومین کو اس دنیا میں بھی انصاف ضرور ملے گااور بیگناہوں کے قتل میں ملوث تمام افراد کو اپنے مقام و مرتبہ سے قطع نظر ضرور سزا ملے گی۔ قبل ازیں سانحہ ماڈل ٹائون کے متاثر ین عوامی تحریک کے کارکنوں کے ہمراہ جسٹس علی باقر نجفی انکوائری ٹربیونل کی رپورٹ کے حصول کیلئے سول سیکرٹریٹ کے باہر جمع ہوئے اور مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ سپیشل ہوم سیکرٹری ڈاکٹر شعیب نے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کو انکوائری ٹربیونل رپورٹ کی مصدقہ کاپی فراہم کردی ۔