مسلم لیگ (ن) پی ٹی آئی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا جواب دیں‘ ورنہ کارروائی ہو گی : ریٹرننگ افسر این اے 122
لاہور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ریٹرننگ افسر این اے 122 نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن کو الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کی شق 30 کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور تینوں سے دو روز کے اندر تحریری جواب مانگ لیا ہے تینوں کو علیحدہ علیحدہ نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے یہ آبزرو کیا گیا ہے کہ آپ نے قومی اسمبلی کیلئے امیدوار سردار ایاز صادق اور پی پی 147 کے امیدوار محسن لطیف کی انتخابی مہم میں حصہ لیکر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ اس نوٹس کا تحریری جواب دیں بصورت دیگر آپ کے خلاف قانو ن کے مطابق کارروائی ہوگی۔ ضابطہ اخلاق کی شق 30 کے مطابق صدر، وزیراعظم، چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینٹ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اسمبلی، وفاقی وزرائ، وزراءمملکت، صوبائی وزرائے اعلیٰ صوبائی وزراءاور دیگر حکومتی عہدےدار کسی بھی صورت میں انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں یہ ضابطہ اخلاق نگران حکومت کے سیٹ اپ پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ این اے 122 کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر احمد نواز نے کہا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دونوں جماعتوں کو نوٹس جاری کئے دونوں جماعتوں میں سے کوئی جواب دینے نہیں آیا نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے وضاحت نہ کی تو قانونی کارروائی کی جائے گی پولیس اور انتظامیہ کہتی ہے وہ بڑے بورڈ اتارتے ہیں اور امیدوار پھر لگا دیتے ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کیلئے الیکشن کمشن میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی لائرز فورم کے صدر فرخ ڈال اور قیصر عباس ایڈووکیٹ نے درخواست میں مﺅقف اختیار کیا گیا ہے کہ سعد رفیق توہین عدالت کے مرتکب ہوئے۔
ضابطہ اخلاق نوٹس