سانحہ منیٰ میں پاکستانی شہدا کی درست تعداد وفاقی حکومت سے 3 روز میں جواب طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ منٰی میں پاکستانی شہدا کی درست تعداد کے تعین کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے تین روز میں جواب طلب کر لیا۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے سانحہ منیٰ کے شہدا کی اصل تعداد چھپائی جا رہی ہے۔ عالمی میڈیا دو سو چھیاسی پاکستانیوں کے شہید ہونے کی اطلاعات دے رہا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل حج جدہ ابو عاکف اور ڈائریکٹر حج رافع بشیر شاہ سیاسی بنیادوں پر میرٹ کے برعکس تعینات ہوئے۔ غفلت کا مظاہرہ کرنے پر جدہ میں واقع پاکستانی سفارتی عہدیداروں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی تھی۔