محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں سڑکوں کی تعمیر میں خورد برد کیس کی تحقیقات تیز کر دی گئیں
لاہور (میاں علی افضل سے) اینٹی کرپشن پنجاب نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں سڑکوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال کے ذریعے ساڑھے 6 کروڑ سے زائد کی خوردبرد کے کیس کی تحقیقات تیز کر دی ہیں تحقیقات وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر شروع ہوئی‘ کئی سالوں سے تفتیش انتہائی سست روی کا شکار تھی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن انور رشید نے نوٹس لیتے ہوئے تفتیش مکمل کرکے فوری رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی ہے ملزمان کیخلاف 2011 میں مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے۔ کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ملزمان کیخلاف آئندہ چند دنوں میں بھرپور کارروائی کا امکان ہے معلوم ہوا ہے کہ چیف منسٹر پنجاب کی جانب سے 2009ء میں ریفرنس اینٹی کرپشن پنجاب کو بھجوایا گیا جس میں سڑکوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال کے ذریعے قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی اور انکوائری نمبر 174/09 پر ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے افسران کیخلاف تحقیقات کا آغاز ہو گیا تحقیقات مکمل ہونے پر ریذیڈنٹ انجینئر امان اللہ خان‘ ریذیڈنٹ انجینئر خورشید الحسن‘ پروجیکٹ ڈائریکٹر صفدر رضا اور ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر ہمایوں شہزاد کے خلاف مقدمہ نمبر13/11 درج کر لیا گیا جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر صفدر رضا کے خلاف جوڈیشل ایکشن بھی منظور کیا گیا ہے۔