ڈاکٹروں کیخلاف مقدمات کا اندراج فوری روکا جائے: پی ایم اے

لاہور (نیوزرپورٹر) پی ایم اے لاہور کے صدر ڈاکٹر محمد تنویر انور اور پی ایم اے پنجاب کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈاکٹروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کو فوراً روکا جائے اور شیخ زید ہسپتال کے ڈاکٹروں کے خلاف درج مقدمات کو فوراً واپس لیا جائے ۔یہ بات سوسائٹی آف سرجنز کی ہنگامی میٹنگ میں ہوئی جس میں پروفیسر عامر زمان ، ڈاکٹر غلام مصطفےٰ ارائیں، کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز کے صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل‘ پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر معید اقبال، پروفیسر مجید چوہدری پرنسپل لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، پرنسپل گنگا رام پروفیسر رخشندہ رحمان، پروفیسر محمود شوکت نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گےا کہ ہیلتھ کیئر بل کے نفاذ کے بعد ڈاکٹروں پر فوجداری مقدمہ کا اندراج غیر قانونی ہے اور اس مقدمہ کو ختم کیا جائے۔اجلاس میں یہ قرارداد منظور کی گئی کہ اگر ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو تمام ڈاکٹر برادری سراپا احتجاج ہو جائے گی۔