لاہور بائینالی فائونڈیشن پاکستان کے مثبت پہلو اور آرٹ کو دنیا میں پیش کررہی ہے: قدسیہ رحیم

لاہور بائینالی فائونڈیشن پاکستان کے مثبت پہلو اور آرٹ کو دنیا میں پیش کررہی ہے: قدسیہ رحیم

لاہور (کلچرل رپورٹر) لاہور بائینالی فائونڈیشن کے زیراہتمام معروف آرٹسٹ راشد رانا کے پراجیکٹ ’’میرا مشرق تمہارا مغرب ہے‘‘ کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز لبرٹی پارک میں منعقد ہوئی جس میں آرٹ لورز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر لاہور بائینالی فائونڈیشن کی ڈائریکٹر قدسیہ رحیم نے کہا کہ لاہور بائینالی فائونڈیشن اور راشد رانا کا یہ اشتراک بہت اہمیت کا حامل ہے ہمارا مقصد عوام میں آرٹ کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ اس جانب مائل ہوں، لاہور بائینالی فائونڈیشن پاکستان آرٹ کو پوری دنیا میں متعارف کرانے کی کوشش کررہی ہے اور ساتھ ساتھ پاکستان کے مثبت پہلو کو دنیا کے سامنے پیش کررہی ہے۔ ایل بی ایف ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے پاکستان میں فن کی راہیں ہموار کرنے اور اپنی حمایت کے فن کاروں کی صلاحیتوں کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا مشن پاکستان لے کر آیا ہے، ایل بی ایف راشد رانا کے منصوبے کو بھی اسی مشن کے تحت سپانسر کررہا ہے، لاہور بائینالی فائونڈیشن ایچ بی ایل کی شکر گزار ہے جو اس منصوبے کو سپانسر کررہا ہے۔ معروف آرٹسٹ راشد رانا نے کہا کہ لاہور میں بنائے گئے مصور خانے کو مزید فروغ اور فن کی نمائش سے یہاں آنے والے ناظرین کو ایسی صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا موقع ملے گا، یہ منصوبہ کرہ ارض پر بسنے والے تمام افراد کے درمیان حائل رکاوٹیں توڑنے اور دوریاں مٹانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔