عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کی الٹی گنتی شروع ہوگئی: حامد رضا

لاہور ( سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل کی دعوت پر منعقدہ اہلسنّت جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں 30اہلسنّت جماعتوں نے جمعہ 8مئی کو افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے’’ یوم حمایت پاک فوج ‘‘ منانے کا اعلان کر دیا۔جمعہ کے اجتماعات میں الطاف حسین کو فوج مخالف اور ملک دشمن بیانات کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی ۔ اہلسنّت رہنمائوں کا مشترکہ اجلاس جامعہ رضویہ میں منقعد ہوا جسکی صدارت چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کی ۔اجلاس میں 30اہلسنّت جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اتحاد اہلسنّت کیلئے کوششیں تیز کی جائیں گی اور رواں ماہ کے آخر میں اہلسنّت جماعتوں کا سربراہی اجلاس طلب کیا جائے گا۔ اکتوبر میں مینار پاکستان گراونڈ میں ملک گیر سنی کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت را سے مدد مانگنے پر الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانون کے مطابق کاروائی کرے ۔