بینکنگ کورٹ میں ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پر صدر تحریک انصاف پنجاب اعجاز چودھری کو وارننگ جاری

بینکنگ کورٹ میں ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پر صدر تحریک انصاف پنجاب اعجاز چودھری کو وارننگ جاری

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) بینکنگ کورٹ نے ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پر تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری کو وارننگ دیتے ہوئے نوٹس جاری کر دئیے۔ ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود اعجاز چودھری نے ابھی تک پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع نہیں کرائے۔ محلکے جمع نہ کرانے والے ملزم ضمانت کا حق محفوظ نہیں رکھتے جس پر عدالت نے اعجاز چودھری کو 13 مئی تک ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا آخری موقع دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر ضمانتی مچلکے جمع نہ کرائے گئے تو ضمانت منسوخ کی جا سکتی ہے۔ نجی بنک سے پانچ کروڑ روپے قرضہ لے کر واپس نہ کرنے پر اعجاز چودھری کے خلاف ایف آئی نے بنک کی درخواست پر مقدمہ درج کر رکھا ہے تاہم بینکنگ جرائم کورٹ نے قرضہ واپس کرنے کی یقین دہانی پر اعجاز چودھری کی پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر رکھی ہے۔