کالا باغ ڈیم کی فوری تعمیر کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

لاہور (وقائع نگار خصوصی) کالا باغ ڈیم کی جلد تعمیر کے لئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ کالا باغ ڈیم پر صرف سیاسی اعتراضات لگائے گئے ہیں اسکی تعمیر نہ کرنے کے حوالے سے کوئی تینکی اعتراض موجود نہیں۔ ماہرین نے اسکی تعمیر کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ اس سے ملک کو فائدہ ہے۔ اسکا کسی کو کوئی نقصان نہیں تاہم اس قومی منصوبے کو سیاست کی نذر کیا جارہا ہے۔ ملک میں اس وقت توانائی کا شدید بحران ہے جس کا براہ راست اثر ملکی کاروبار پر ہو رہا ہے۔ اگر توانائی کے بحران کو فوری ختم نہ کیا گیا تو معیشت دیوالیہ ہو جائے گی۔ ملکی و غیر ملکی ماہرین تسلیم کر چکے ہیں کہ توانائی کا بحران ختم کرنے کیلئے کالا باغ ڈیم کے منصوبے کی تکمیل نا گزیر ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لئے حکم صادر کرے۔