عمران خان جس شاخ پر بیٹھے ہیں اسے ہی کاٹ رہے ہیں: سعد رفیق

عمران خان جس شاخ پر بیٹھے ہیں اسے ہی کاٹ رہے ہیں: سعد رفیق

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کو نئے انجن مل رہے ہیں لیکن ان کی تعداد کم ہے۔ بہتر سروس اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے زیادہ انجنوں کی ضرورت ہے۔ لاہور میں نیسپاک حکام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ریلوے نیسپاک سے مل کر سٹیشنز اور کالونیوں کو بہتر بنانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ ریلوے کے بڑے بڑے بنگلے چھوٹے کرکے نئے گھر بنائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ ریلوے کے 50 فیصد سے زائد انجن ختم ہو چکے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ فی الحال ریل کے کرائے بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عمران حخان جس درخت پر بیٹھے ہیں اسی کو کاٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر عمران خان کو کوئی اختلاف ہے تو پارلیمنٹ میں لائیں۔ وہ ایک نہیں کئی حلقوں میں جیتے ہیں۔ اب عمران سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری پر الزامات عائد کر رہے ہیں پہلے وہ سابق چیف جسٹس کی تعریف کرتے ہوئے نہیں تھکتے تھے۔ عمران کا رویہ سیاسی نہیں نفسیاتی ہے۔ ہم بھی سیاسی اختلافات رکھتے ہیں لیکن حد سے تجاوز نہیں کرتے۔ انہیں سردار ایاز صادق کے انتخاب پر اعتراض ہے اور انہی کو آپ نے ایوان میں مبارکباد دی تھی۔ عمران خان نے ایک صوبے میں حکومت بھی بنائی ہے، کیا یہ دہرا معیار نہیں۔ خیبر پی کے میں آپ جیت گئے تو وہاں دھاندلی نہیں ہوئی۔ عمران خان کا رویہ ایک ضدی اور انا کے خوف میں لپٹے ہوئے شخص کا ہو سکتا ہے، قومی لیڈر کا نہیں۔ عمران خان اور طاہر القادری کو کسی کی حمایت حاصل نہیں۔ عمران خان وزیراعظم بننے کا خواب ٹوٹنے پر عوام سے بدلہ لینا چاہتے ہیں۔ عمران مہم جوئی پر اکسانے والوں کی باتوں میں نہ آئیں۔ وہ عدلیہ کی آزادی کی بات کرتے ہیں اور اس پر حملے بھی کرتے ہیں۔ اندر عدلیہ سے معافی مانگتے ہیں اور باہر حملے کرتے ہیں۔ عمران کی پارٹی میں بہت سے سینئر رہنما ہیں وہ ان سے مشورہ کریں۔