تحریک انصاف کا صوبائی حکومت اور پولیس کیخلاف مظاہرہ، ملتان روڈ بلاک

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے گزشتہ روز صوبائی حکومت پنجاب اور پولیس کیخلاف ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاری کو سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا۔ مظاہرین کی قیادت تحریک انصاف کے رہنمائوں میاں محمود الرشید، ڈاکٹر مراد راس، سعدیہ سہیل، میاں حماد اظہر، شیخ امتیاز و دیگر کررہے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے صوبائی حکومت کی ایماء پر 11 مئی کے احتجاج کو ناکام بنانے کیلئے تحریک انصاف کے عہدیدار ملک اجمل مٹھو اور انکے چار ساتھیوں کو گرفتار کرکے تھانے میں ہراساں کیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے دھمکی دی کہ کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند نہ کی گئیں تو تحریک انصاف کے ممبران پنجاب سمیت خود تھانوں میں جاکر گرفتاریاں دیں گے۔