سینٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی جمہوری روایات کی فتح ہے : شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر+خصوصی نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سینٹ کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں سینٹ انتخابات کا جمہوری عمل خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل کو پہنچا ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ ارکان اسمبلی نے سینٹ کے انتخابات میں بھر پور حصہ لیتے ہوئے جمہوری عمل کو مکمل کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوری راوایات کی امین سیاسی جماعت ہے۔سینٹ کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی جمہوریت اور جمہوری راوایات کی فتح ہے اور ایوان بالا کے انتخابات سے جمہوری روایات اور جمہوری ادارے مزید مستحکم ہونگے۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہرکی کہ ایوان بالا کے نومنتخب ارکان عوام کی ترقی و خوشحالی کو پیش نظر رکھتے ہوئے خدمت خلق کے پروگراموں کے آگے بڑھائیں گے۔ شہبازشریف سعودی عرب کا دورہ مختصر کرکے وطن واپس پہنچے اور ایئر پورٹ سے پنجاب اسمبلی گئے اور سینٹ انتخابات کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ وزیراعلیٰ نے دو گھنٹے سے زائد وقت پنجاب اسمبلی میں اپنے چیمبر میںگذارا اور مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے سینٹ کے امیدواروں اور ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کو قطار میں لگنے کے بغیر ہی سینٹ انتخابات کیلئے ووٹ کی اجازت مل گئی، قطار میں کھڑے ارکان اسمبلی سکیورٹی اہلکاروں سے بار بار پینے کیلئے پانی منگواتے رہے جبکہ کئی خواتین ارکان اسمبلی تھک ہار کر زمین پر بیٹھ گئیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کو لائن میں لگنے کی ضرورت نہ پڑی اور وہ اپنے دفتر سے سیدھے پولنگ کیلئے مختص کمرے میں آئے اور اپنا ووٹ کاسٹ کرکے واپس چلے گئے۔ شہباز شریف 8 ماہ اور23 روز بعد پنجاب اسمبلی آئے شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے دوران مجموعی طور پر6 اجلاسوں میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کے سکیورٹی سٹاف نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے سکیورٹی سٹاف کو اندر جانے سے روک دیا تاہم بحث کے بعد تمام سکیورٹی اہلکاروں کو اسمبلی کے اندر جانے کی اجازت دیدی گئی۔ گزشتہ روز شہباز شریف جب پنجاب اسمبلی میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے آئے تو ان کے ساتھ ایک درجن کے قریب سکیورٹی اہلکار بھی موجود تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ساتھ اندر جانے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی سٹاف نے انہیں روک لیا بعد ازاں جانے کی اجازت دیدی گئی۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات جمہوری اداروں کے مزید استحکام اور مضبوطی کاباعث بنیں گے۔ سینٹ انتخابات کے بڑے جمہوری عمل سے پاکستان میں جمہوریت مزید مضبوط ہوگی اور جمہوریت کی گاڑی مزیدموثر انداز میں آگے بڑھے گی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ریاض میں سعودی فرمانروا اور ان کے رفقائ کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے وفد کا شاندار استقبال اس بات کا غماز ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی حکومت اور ان کے عوام پاکستان کے عوام سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور وہ باہمی محبت اور برادرانہ رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پیغام دیا ہے کہ انہیں پاکستان اور پاکستان کے عوام کی معاشی ترقی اور خوشحالی بے حد عزیز ہے اور ہم اس مقصد کیلئے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس دورے سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور معاشی روابط مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے۔ قبل ازیں سعودی عرب سے واپسی کے موقع پر لاہور ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی، تہذیبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ملکو ںکے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے ملنے والی تاریخی پذیرائی کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ انہو ںنے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ملکوںکے درمیان برادرانہ تعلقات اور دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔