لاہور : ہسپتالوں کی لیبارٹریوں سے سرکاری میٹریل چوری ہونے کا انکشاف

لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میںا نتظامیہ کی ملی بھگت سے لیبارٹریز سے سرکار ی میٹریل چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ لاہور کے جناح ،سروسز،میواور گنگارام ہسپتال کی پتھالوجی لیب میں اس قسم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔اس سلسلے میںکنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کی پتھا لوجی لیب کے ملازم نے وزیر اعلی پنجاب کو ایک خط لکھا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ٹیسٹوں کے لئے خریدے گئے محلول اور کیمیکل بازار میں فروخت کئے جاتے ہیں۔پروفیسر اور سینئر ڈاکٹرپرائیویٹ سیمپل یہاں لاکر فری ٹیسٹ کرواتے ہیں ۔سالہا سال سے چھوٹاعملہ کرپشن کر کے باقاعدہ حصہ پروفیسرز کو دے رہا ہے ۔اس بارے میں ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس قسم کی صورتحال نہیںہے ٹیسٹ اور کیمیکل ہسپتالوں کی لیبارٹریوں میں ہی استعمال ہوتے ہیں۔