لاہور : حکومت نے بسنت منانے سے روکنے کی تیاریاں مکمل کر لیں

لاہور(خبر نگار) حکومت نے پتنگ بازوں کا مقابلہ کرنے اور بسنت منانے سے روکنے کے لئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ایڈمنسٹریٹر اور ڈی سی او لاہور سجاد احمد بھٹہ کے مطابق بسنت منانے کی اجازت نہیں دیں گے جو بھی بسنت منانے کی کوشش کرے گااس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔اس سلسلہ میں پولیس،مجسٹریٹوں سمیت ضلعی اور ٹاﺅن انتظامیہ کے تمام افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔آج ہر افسر شام کو ڈیوٹی پر ہوگا۔انہو ں نے کہا کہ لاہور میں پتنگ،گڈی،ڈور کی فروخت کی اجازت نہیں تھی اورجس نے بھی ایسی کوشش کی اسے گرفتار کر لیا گیا اور مقدمات درج کئے گئے۔یاد رہے کہ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے 6اور7مارچ کو بسنت منانے کا اعلان کیا تھا۔مگر ایسوسی ایشن کے عہدے دار گزشتہ روز غائب رہے اور کسی سے بھی گفتگو سے گریز کرتے رہے موچی گیٹ کی ڈور اور پتنگ کی فروخت کے لئے مشہور مارکیٹ گزشتہ روز خالی رہی اور پولیس اہلکار سفید کپڑوں میں خریداروں کی تلاش میں رہے۔البتہ بعض ذرائع کے مطابق پتنگیں اور ڈور دوسرے شہروں سے چوری چھپے لاہور منتقل ہوچکی ہیں اور آج حکومت اور پتنگ بازوں کے درمیان میچ پڑنے کا امکان ہے ۔