لاہور : اللہ سے دوری کی وجہ سے مسلمان ذلیل و رسوا ہیں:ڈاکٹراسرار

لاہور (خصوصی نامہ نگار) معروف دینی سکالر اور تنظیم اسلامی پاکستان کے بانی ڈاکٹر اسرار احمد نے کہا ہے کہ مسلمانوں کی ذلت و رسوائی کا اصل سبب احکام خداوندی سے دوری اور اس کے رسول سے کمزور تعلق ہے۔ وہ گزشتہ روز فیصل آڈیٹوریم نیو کیمپس میں نبی اکرم سے ہمارے تعلق کی بنیادیں کے موضوع پر کلیدی خطاب کر رہے تھے۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران اور سٹوڈنٹس ایڈوائزر افتخار احمد چوہدر ی نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔ کانفرنس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل انور چوہدری ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان سمیت اساتذہ کرام ، طلبا و طالبات اور ملازمین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر اسرار احمد نے کہا کہ نوع انسانی کا عظیم ترین انقلاب رسول اکرم نے برپا کیا۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ غیو ر افغانی عوام نے دنیا کی واحد سپر پاور امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے جس طرح چودہ سو برس قبل صحرائے عرب کے نہتے بدوں نے قیصر وکسریٰ جیسی عظیم عالمی سلطنتوں کا خاتمہ کر دیا تھا۔ کرہ ارض پر مستقبل میں اقوام عالم پر غلبہ حاصل کرنے والی قوم کا فیصلہ بھی اس خطے میں ہو گا۔