پنجاب حکومت بتائے ‘ رمضان میں مہنگائی کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کیوں نہیں کئے : ہائیکورٹ

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے ذخیرہ اندوزی اور روز مرہ اشیاءکی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ حکومت پنجاب عدالت کو آگاہ کرے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی کے خاتمے کے حوالے سے موثر اقدامات کیوں نہیں کئے گئے۔ فاضل عدالت نے سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں نے چیزوں کی مصنوعی قلت پیدا کر کے مہنگائی میں اضافہ کر دیا ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو ریلیف دینے کی بجائے ان کا خون چوسا جا رہا ہے۔ حکومت زخیرہ اندوزوں کے خلاف موثر کارروائی کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ عدالت حکومت کو حکم دے کہ وہ موثر کنٹرول کے زریعے مصنوعی قلت کے نتیجے میں کی جانے والی مہنگائی کنٹرول کرے۔