نئی حکومت کے پہلے ماہ میں عوام کو دھماکوں فاقوں کے سوا کچھ نہیں ملا: حامد رضا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستانی طالبان حریت پسند نہیں تشدد پسند ہیں، نئی حکومت کے پہلے مہینے میں عوام کو دھماکوں اور فاقوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔ لیفٹ اور رائٹ کی بجائے رانگ اور رائٹ کی بات ہونی چاہیے۔ حکومت مصلحت کا لبادہ اتار کر دہشت گردی کے خاتمے کا دوٹوک فیصلہ کرے۔ حکومت نے آئی ایم ایف کی غلامی قبول کر کے رسوائی اور پسپائی کا راستہ اختیار کیا ہے۔ آئی ایم ایف کے چنگل سے آزادی حاصل کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ قرضے معاف کروانے والے اب قوم کو معاف کر دیں اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔ دہشت گردی کے ایشو پر ریاستی پالیسی کے تضادات دور کئے جائیں۔