بھٹو نے ملک کی خاطر جان دیدی اسکی خود مختاری کا سودا نہیں کیا: صنم بھٹو

لاہور (نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین و سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی صنم بھٹو نے اپنے والد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے 36 سال مکمل ہونے پر کہا کہ جس کسی نے بھی حمود الرحمن کمشن کی رپورٹ پڑھی ہے وہ جانتا ہے کہ اس میں سقوط ڈھاکہ کا ذمہ دار خصوصاً فوجی قیادت کو ٹھہرایا گیا تھا۔ صنم بھٹو مستقل امریکہ میں رہائش پذیر ہیں اور سیاست سے کوسوں دور ہیں۔ انہوں نے 5 جولائی کی مناسبت سے اپنا پرانا بیان دہراے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے ملک کی خاطر اپنی جان دے دی لیکن اس کی خود مختاری پر سودا نہیں۔ صنم بھٹو نے اپنی برسوں پرانی خاموشی ایک میڈیا رپورٹ کے جواب میں توڑی۔ انہوں نے کہاکہ ان کے والد نے ایک ٹوٹے ہوئے ملک و معاشرے اور شکست خوردہ فوج کو دوبارہ زندہ کرنے کے لئے اپنے دن رات ایک کر دیئے لیکن اس کے بدلے انہیں سولی پر چڑھا دیا گیا۔