آئی ایم ایف کی ہدایت پر قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی کا طوفان آئیگا: خالد پرویز

لاہور (پ ر) صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ بجلی مہنگی اور سبسڈی ختم کرنے کی عوام دشمن شرائط مان کر حکومت نے اپنا وہ کشکول ڈالروں سے بھر لیا ہے جسے الیکشن مہم کے دوران بار بار توڑنے کے دعوے کئے گئے تھے۔ حکومت نے ٹیکس نیٹ بڑھانے، زراعت اور سروسز کے شعبہ کو ٹیکس نیٹ میں لانے، کرپشن روکنے، بجلی اور گیس کی چوری کی روک تھام کی بجائے آسان راستہ اختیار کیا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لیا جائے۔ آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا جو طوفان آئیگا اس سے شاید متوسط طبقہ صفحہ ہستی سے مٹ جائے۔