تمام پبلک اور پرائیویٹ کالجوں میں یکساں یونیفارم رائج کیا جائے : شہباز شریف

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ قوم کے نونہالوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ملک کی ترقی و خوشحالی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا‘ اس مقصد کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں‘ تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے اساتذہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور انہیں نئی نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اپنا موثر و بھرپورکردار ادا کرنا چاہئے‘ صوبے کے تمام پبلک و پرائیویٹ کالجز میں یکساں یونیفارم رائج کیا جائے اور اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے‘ آئندہ مالی سال کے دوران تمام پرائ©مری سکولوں میں پانی‘ بجلی اور واش روم کی سہولت کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پرائمری کی سطح پر طلبا اور طالبات کے اکٹھے تعلیم حاصل کرنے کے منصوبے کا جائزہ لینے اور اس ضمن میں محکمہ تعلیم کو عوام اور فریقین کی آراءکے حصول کے لئے سیمینارز کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی۔وہ گذشتہ روز تعلیمی پالیسی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ چھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں تعلیمی پالیسی کے خدوخال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور صوبے میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے تمام سکولوں میں اساتذہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور ریاضی و سائنس مضامین کے اساتذہ کی تعیناتی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے کیونکہ ہمارا مستقبل سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید علوم سے وابستہ ہے‘ جن دوردراز علاقوں میں اساتذہ دستیاب نہیں ہیں ان علاقوں میں ان ریٹائرڈ اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے کا جائزہ لیا جائے جو صحت مند اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے سکولوں میں اساتذہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت نے سکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بلندوبانگ دعوے تو کئے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا جس کی بنا پر آج سرکاری سکولوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پبلک سکولوں میں پرائیویٹ سکولوں کی نسبت زیادہ مہنگا فرنیچر خرید کیا جا رہا ہے‘ تمام سکولوں میں انرولمنٹ کے مطابق اساتذہ کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام کے بعد مڈل سکولوں میں بھی ایسی لیبز کے قیام کے منصوبے کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کی جائیں جن کی روشنی میں مڈل سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے تعلیمی شعبے کی بہتری‘ اساتذہ کی تربیت‘ سکولوں کی حالت کو بہتر بنانے سمیت دیگر امور کے لئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام کے منصوبے کا جائزہ لینے اور اس ضمن میں سرتاج عزیز کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءشہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اور انہیں ریلیف کی فراہمی ہے‘ کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ اور ہراول دستہ ہیں۔ وہ کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ ادھر مسلم لیگ (ن) متحدہ عرب امارات کے عہدیداران کی جانب سے سوات متاثرین کی بحالی کے لئے 16لاکھ روپے کا چیک وزیراعلیٰ کو پیش کیا گیا جو ڈاکٹر سعید الٰہی نے وزیراعلیٰ کو دیا۔
شہبازشریف