ہر طرف رو عمران رو کے نعرے لگ رہے ہیں، دھرنے والوں کو معیشت تباہ کرنے کی کامیابی ملی: سعد رفیق

ہر طرف رو عمران رو کے نعرے لگ رہے ہیں، دھرنے والوں کو معیشت تباہ کرنے کی کامیابی ملی: سعد رفیق

لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہر طرف ’’رو عمران رو‘‘ کے نعرے لگ رہے ہیں، عمران خان کو نوازشریف فوبیا ہو گیا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ہم جب بھی کسی سے لڑے تو اُسے گھر چھوڑ کر آتے ہیں لیکن اب ملک و قوم کی خاطر صبر سے کام لے رہے ہیں، کارکنوں کو روک رکھا ہے۔ عمران کی خواہش پر ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی سے معاملات بگڑے ،ریٹریننگ افسران کو الیکشن معاملات کے متعلق پتہ نہیں تھا جس سے مسائل پیدا ہوئے۔ جاوید ہاشمی کیخلاف پی ٹی آئی کے مسلح کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی شرمناک عمل ہے، یہ نعرے اب کسی کیخلاف بھی لگ سکتے ہیں، دھرنے والوں کو ملکی اکانومی تباہ کرنے، اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری روکنے اور روپے کی قدر کم کرنے میں کامیابی ملی ہے جبکہ دھرنے سے پارلیمنٹ اکٹھی ہو گئی ہے اور فوج نے آئین اور جمہوریت کا ساتھ دیا ہے جو دھرنے والوں کی ناکامی ہے۔ عمران اور طاہرا لقادری بلدیاتی الیکشن کی تیاری کر رہے ہیں اور جس الیکشن کمشن پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں اسکے تحت بلدیاتی الیکشن لڑیں گے جیسے کے پی کے میں ضمنی الیکشن اسی الیکشن کمشن کے تحت لڑ رہے ہیں۔ عمران خان جلسے ضرور کریں لیکن گالیاں نہ دیں۔ طاہر القادری ’’ویلے ‘‘ شخص ہیں جبکہ عمران خان جلد ’’ویلے ‘‘ ہو جائیں گے، ہم منفی سیاست کے زمانہ جاہلیت سے گزر چکے ہیں، ہماری تمام تر توجہ عوامی خدمت کے منصوبوں کی تکمیل پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس میں کیا۔ سعد رفیق نے کہا کہ عمران این اے 125کے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں، کبھی سٹے نہیں لیا ہے، ٹربیونل کے بعض فیصلوں پر اعتراض تھا اور ابھی بھی ہے عمران کو کچھ معلوم نہیں ہے جو منہ میں آئے بولتے جاتے ہیں۔ پیپلز پارٹی 18اکتوبر کے جلسے کیلئے ٹرین کی بکنکنگ کیلئے رابطہ کیا اور ٹرین دینے سے  ریلوے کو ریونیو ملے گا، کسی سیاسی پارٹی کو بھی جلسے کیلئے ٹرین چاہئے ہو گی تو دیں گے، مسافروں کی انشورنس کیلئے کمپنی سے معاہدہ کیا جا رہا ہے جو دسمبر تک ہو جائیگا، کسی حادثے کی صورت میں جاں بحق مسافر کے لواحقین کو 8لاکھ جبکہ زخمی 3لاکھ روپے دئیے جائیں گے