ماہنامہ نظریہ پاکستان کا ’’ ڈاکٹر مجید نظامی نمبر‘‘ شائع ہوگیا

ماہنامہ نظریہ پاکستان  کا ’’ ڈاکٹر مجید نظامی نمبر‘‘ شائع ہوگیا

لاہور(خصوصی رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام شائع ہونیوالے ماہنامہ’’نظریۂ پاکستان‘‘کا  اکتوبر کا خصوصی شمارہ’’ڈاکٹرمجید نظامی نمبر‘‘ شائع ہو گیا ہے۔ صوری و معنوی خوبیوں سے آراستہ اس خصوصی شمارے میں تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن ،امام صحافت و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی حیات و خدمات کے گونا گوں پہلوئوں کا احاطہ کرتے ملک کی مقتدر شخصیات،ممتاز دانشوروں،کالم نگاروں اور نامورصحافیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کے مضامین،کالم اور تاثرات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی زندگی کے مختلف ادوار کی نادر تصاویر بھی اس شمارے کی زینت ہیں۔ 288 صفحات پر مشتمل یہ خصوصی شمارہ ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی حیات و خدمات کے متعلق ایک تاریخی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔ ڈاکٹر رفیق احمد اس کے چیف ایڈیٹر اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشیداس کے ایڈیٹرہیں۔ خوبصورت و دیدہ زیب رنگین سرورق ،عمدہ کاغذاور بہترین طباعت سے مزین اس خصوصی شمارے کی قیمت صرف 500 روپے ہے جو نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے نیشنل ہیڈ کوارٹرز واقع ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ -100 شاہراہ قائداعظم لاہور سے دستیاب ہے۔ ماہنامہ’’ نظریۂ پاکستان‘‘ گزشتہ 14 سال سے باقاعدگی سے شائع ہو رہا ہے اور ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم اس کے بانی چیف ایڈیٹر ہیں۔