بھکر: مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نجیب اللہ نیازی انتقال کر گئے

لاہور، بھکر، دریا خان (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی نجیب اللہ خان نیازی گذشتہ ر وز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ نجیب اللہ خان نیازی بھکر سے ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے وہ سابق رکن قومی اسمبلی انعام اللہ خان نیازی، تحریک انصاف پنجاب کے بانی صدر سعید اللہ خان نیازی، ممتاز کالم نگار حفیظ اللہ خان نیازی کے چھوٹے بھائی اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے تایا زاد بھائی تھے۔ نجیب اللہ نیازی کو دوپہر کو دل کا دورہ پڑا۔ امداد کیلئے مقامی ہسپتال لایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک ہونے پر بذریعہ ہیلی کاپٹر پنجاب کارڈیالوجی لاہور منتقل کیا جانا تھا ہیلی کاپٹر کے پہنچنے سے قبل ہی وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ نجیب اللہ خان نیازی کی نماز جنازہ گذشتہ شام ادا کر دی گئی جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نجیب اللہ خان نیازی نے 1990ء میں سیاست کا آغاز بطور ممبر ضلع کونسل کیا تھا جنہوں نے 1993ء میں آزاد حیثیت میں صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑا مگر کامیاب نہ ہوئے۔ نامہ نگار بھکر کے مطابق وہ 2013ء کے الیکشن میں آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے اور بعد میں مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے تھے۔ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی جانب سے نجیب اللہ نیازی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا جبکہ دیگر لیگی رہنماؤں نے بھی ان کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ نجیب اللہ خان نیازی دیرینہ ساتھی تھے اور ان کی پارٹی کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں۔