ہمارا مفاد خود ساختہ نہیں، امریکہ نے پاکستان کو تختہ مشق بنا رکھا ہے: ماہرین

لاہور (خبرنگار) دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاک فوج اور پاکستان کو تختہ مشق بنا رکھا ہے، اپنی ناکامیوں اور ہزیمتوں کو تسلیم کرنے کی بجائے تمام ذمہ داری پاکستان پر ڈال دیتا ہے۔ ہماری افواج اور حکومت اپنے مفادات کی حفاظت کر رہی ہیں۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) نصیر اختر نے کہا کہ امریکی ہمیشہ دوہری بات کرتے ہیں، کسی امر کی دفتر خارجہ اگر حمایت کرتا ہے تو پینٹاگان مخالفت کرتا ہے۔ یہ ان کا پرانا سٹائل ہے، خوش قسمتی یہ ہے کہ اس وقت پاکستانی صدر، وزیراعظم اور فوج ایک ہی طے شدہ سمت میں چل رہے ہیں۔ امریکی تھنک ٹینک کو بھی سوچنا چاہئے کہ ان کی پالیسی ہمارے مفاد میں نہیں ہو گی تو پھر اختلاف ہی ہو گا۔ امریکہ کو سوچنا چاہئے کہ ہمیں ساتھ لیکر چلے گا تو بات بنے گی۔ جنرل (ر) مجید ملک نے کہا کہ امریکی اداروں کے مختلف بیانات ان کی پالیسی کا حصہ ہیں۔ امریکی افغانستان میں ہزیمت پر ہزیمت اٹھا رہے ہیں تاہم اپنی شکست تسلیم کرنے کی بجائے ہم پر الزام تراشی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مفاد خود ساختہ نہیں۔ امریکہ کے پاکستان پر الزامات آنے والے دنوں میں مزید بڑھیں گے۔ ہماری فوج اور حکومت کو چاہئے کہ اپنے مفادات کی مکمل حفاظت کریں۔