مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آ کر مشرف کا ٹرائل کریگی: نثار

اسلام آباد (آئی این پی + اے این این) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر پرویز مشرف کا ٹرائل کرےگی۔ فوج اقتدار میں آئی تو پاکستان نہیں رہے گا‘ اقتدار پر قبضہ کرنےوالے جرنیلوں کےخلاف ہیں۔ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کے دفاتر آصف زرداری کے حواریوں نے جلائے۔ صدر زرداری اور ذوالفقار مرزا کے درمیان کوئی ڈیل نہیں لگتی۔ آرمی چیف جس صوبے سے ہو آرمی چیف ہوتا ہے، چھ لاکھ لوگ اس کی انگلی سے اِدھر سے اُدھر ہوتے ہیں۔ ایم کیو ایم سے کوئی مخالفت نہیں مخصوص طبقے نے اردو بولنے والوں کو ہائی جیک کیا ہوا ہے۔ پرویز مشرف کو آرمی چیف بنانے کیلئے نواز شریف نے میرے سمیت تمام پارٹی رہنماﺅں سے مشاورت کی۔ مشرف نے جو کچھ کیا اس کا دباﺅ فوج پر پڑا۔ بر سر اقتدار حکومت وبال جان ہے۔ اسکا ایک منٹ بھی اقتدارمیں رہنا ملکی مفاد میں نہیں۔ فوج پر واضح کردیا تھا کہ نوازشریف کو چھوڑونگا نہ(ق) لیگ کی حکومت میں شامل ہونگا ۔ایک ٹی وی انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب اچھے انداز میں محکمے چلا رہے ہیں۔ پنجاب میں ابھی تک کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کو اسمبلی میں ضرور آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا عمران خان کو سپورٹ کر رہا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ آئی ایس آئی کا سیاسی ونگ بدستور موجود اور متحرک ہے‘ آرمی چیف کو اس ونگ کو ختم کرنے کا کہا مگر انہوں نے کوئی جواب نہ دیا پھر بات کروں گا۔ آئی ایس آئی کو کسی صورت وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں ہونا چاہئے۔