بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا تحریک حریت کیلئے نقصان دہ ہے: کشمیری عوام

لاہور (نیوز رپورٹر) کشمیری عوام نے پاکستان کی طرف سے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کو مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک حریت اور پاکستانی مفادات کیلئے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ کشمیریوں کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو مستقل بنیادوں پر حل کئے بغیر پاکستان کی طرف سے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کو ایک اور غلطی قرار دے رہے ہیں۔ کشمیر میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سید نصیب اللہ گردیزی نے کہا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا اس وقت تک بھارت سے ثقافتی، سماجی اور معاشی تعلقات ہموار نہیں ہونے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے سے ہماری معیشت تباہ ہو جائے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کو موسٹ فیورٹ نیشن قرار دینا تھا تو اس کیلئے شرط ضرور رکھنی چاہئے تھی کہ کشمیر کا مسئلہ جلد حل کیا جائے مگر حکمران امریکہ کے آگے سر جھکائے کھڑے ہیں انہیں اپنا آقا تسلیم کئے ہوئے ہیں۔