رانا اقبال دھاندلی سے جیتے، ثبوت سامنے آگئے: تحریک انصاف

رانا اقبال دھاندلی سے جیتے، ثبوت سامنے آگئے: تحریک انصاف

لاہور (سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری اور صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 184 میں 21200 بیلٹ پیپر کی کاﺅنٹر فائل کے پیچھے کسی پریزائیڈنگ افسر کے دستخط اور مہر نہیں جس کے خلاف ہمارا امیدوار رانا اسلم الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریگا۔ پی پی 184 سے جیتنے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا اقبال احمد خان پنجاب اسمبلی کے سپیکر ہیں حلقے میں دھاندلی کے ٹھوس ثبوت سامنے آئے۔ لہٰذا انکا نتیجہ متنازعہ ہونے کی بنا پر انکو سپیکر کے عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے پنجاب سیکرٹریٹ میں کی جانے والی پریس کانفرنس میں کیا اس موقع پر ندیم ہارون، رانا امتیاز، مسعود بھٹی، شبیرسیال ،نورخان بھابھہ، ملک شاہ زید، سعدیہ سیف، ثوبیہ کمال ، ندیم قادر بھنڈر، عمر فاروق مائر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔