تنخواہیں نہ ملنے پر متروکہ وقف املاک کے سکولوں کے اساتذہ کا مظاہرہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام سکولوں میں تعلیم دینے والے اساتذہ اور دیگر عملہ نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے مظاہرہ کیا، 920ملازمین کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں نہیں مل سکیں۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تنخواہوں کی ادائیگی کو جلد از جلد یقینی بنائے، مظاہرین نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ، وزیر اقلیتی امور، قائم مقام چیئرمین وسیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ سے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر تنخواہیں جاری کی جائیں اور مستقل کرکے انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے سے بچائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ انہیں تنخواہیں جاری کرتے ہوئے اورمستقل کرتے ہوئے انکے سر پر نوکری سے نکالے جانے کی لٹکتی تلوار ہٹائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے اور ہر فورم استعمال کرینگے۔