امریکہ ہمارا دوست نہیں اس سے بھلائی کی توقع حماقت ہے: اسلم گھمن

لاہور(خبرنگار) معروف دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن نے کہا ہے کہ امریکہ ہمارا دوست نہیں اس سے بھلائی اور خیر کی توقع رکھنا حماقت ہے۔ امریکہ نے روس کے خلاف جنگ میں ہمیں استعمال کیا اور طالبان کے خلاف جنگ میں بھی ہمارا استعمال کیا گیا۔ امریکہ نے طالبان پر حملے کرکے انہیں ہمارے خلاف بھڑکایا اور اب ہم سے کہا جاتا ہے کہ طالبان کو مذاکرات پر راضی کرو۔ امریکہ کو ایٹمی پاکستان قابل قبول نہیں، امریکہ اور اسرائیل ہمیں بھارت کا طفیلی بنانا چاہتے ہیں۔ نوائے وقت سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم بھکاری کی حیثیت میں کیسے اپنی شرائط منوا سکتے ہیں۔ امریکہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار دیکھنا چاہتا ہے اور اس وقت ہمیں قرضوں کے جال میں جکڑا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف سے قرضہ لے کر ہم کس طرح امریکہ سے سر اٹھا کر بات کر سکتے ہیں۔