شمالی لاہور میں غیر قانونی کمرشل تعمیرات کا سلسلہ جاری

لاہور (خبر نگار) ڈی سی او کی سخت ہدایات کے باوجود شمالی لاہور میں غیر قانونی کمرشل تعمیرات دھڑلے سے جاری ہیں۔ وسن پورہ میں پرانے پوسٹ آفس کے ساتھ والی رہائشی بلڈنگ پر کمرشل پلازہ کی تیسرے منزل مکمل کی جا رہی ہے۔ تاجپورہ چوک سے شاد باغ کی طرف جانے صرف 100 فٹ پر عمارت مکمل کرکے باہر سفیدی پھیر دی گئی ہے۔ 100 گز آگے پٹرول پمپ سے ملحق اور بالمقابل دو کمرشل تعمیرات جاری ہیں۔ شادباغ مین روڈ پر رہائشی گھر کو کمرشل بنایا جا رہا ہے جبکہ چمڑہ منڈی اور فیض باغ کے درمیان مین روڈ پر حاجی شوکت علی برائیلر فروش کی دکان کی اوپری منزل مکمل کی جا رہی ہے۔ ڈی سی او کے احکامات غیر موثر ہو گئے ہیں۔