یوم ممتاز قادری منایا گیا، ملک گیر مظاہرے، ریلیاں، رہائی کا مطالبہ

لاہور+گوجرانوالہ+فیصل آباد (سپیشل رپورٹر+نمائندہ خصوصی) سربراہ ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف جلالی کی اپیل پر ادارہ صراط مستقیم کے زیر اہتمام ملک گیر یوم حمایت ممتاز قادری کو یوم ناموس رسول ؐ کے طور پر منایا گیا۔ اس سلسلہ میں لاہور کراچی، گوجرانوالہ، گجرات، کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، پاکپتن، مظفر آباد، حیدر آباد، سکھر، ملتان اور دیگر شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں ریلی پنجاب اسمبلی سے پریس کلب تک نکالی گئی شرکا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف جلالی نے کہا کہ غازی ممتاز حسین قادری کی رہائی کروڑوں دلوں کی آواز ہے رہائی کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ مقررین نے کہا کہ تین سال گزرنے کے باوجود غازی ممتاز قادری کیس کا دوبارہ ٹرائل شروع نہ کرنا عاشقان مصطفیؐ کے لئے شدید تشویش کا باعث ہے۔ ہائیکورٹ غازی ممتاز قادری کو سزائے موت کالعدم قرار دے کر غازی ممتاز حسین قادری کو فوری رہا کرے۔ 15 مارچ کو مینار پاکستان پر تاریخی شان رسولؐ کانفرنس میں لاکھوں عاشقان رسولؐ 295C کے تحفظ کے لئے حلف اٹھائیں گے اور غازی ممتاز حسین قادری کی رہائی کے لئے عہد کریں گے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان سنی تحریک نے ملک بھر میں ممتاز حسین قادری کے حق میں تحفظ ناموس رسالتؐ ریلیاں نکالیں۔ دفتر سنی تحریک ایمن آبادی گیٹ جی ٹی روڈ سے ریلی نکالی گئی۔ گوجرانوالہ کی تمام مساجد اہلسنت میں بعد از نماز فجر ان کی صحت یابی اور رہائی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ ممتاز قادری سے اظہار یکجہتی کے لئے مرکزی جامع مسجد نور میں لبیک یا رسول اللہ کانفرنس منعقد ہوئی۔ پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ ممتاز قادری کو سزا دینے کا مطالبہ شریعت اسلامی کے منافی ہے۔ گستاخ رسول کا قتل رائیگاں جاتا ہے، شریعت اس پر کوئی حد، قصاص یا دیت طلب نہیں کرتی۔ ممتاز قادری نے توہین رسالت پر جس ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے وہ ایمانی غیرت کا تقاضا ہے۔ علاوہ ازیں چیئرمین اسلامی تحریک طلبہ پاکستان غلام عباس صدیقی، صدر شاہد نذیر، ڈپٹی سیکرٹری ذکی الدین، محمد عارف، فہیم جاوید نے اپنے خصوصی مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ممتا قادری کا جیل میں قید رہنا اسلام کے نام پر حاصل ہونے والے ملک پاکستان اور نظریہ پاکستان کی توہین ہے۔ ترجمان اسلامی تحریک طلبہ کے مطابق ربیع الاول کے مہینے میں اسلامی تحریک طلبہ ’’مشن مصطفیؐ‘‘ کے تحت تقاریب کا اہتمام کر رہی ہے۔