گجر پورہ: کانسٹیبل نے محنت کش کو قتل کر دیا‘ شہریوں کا احتجاج

گجر پورہ: کانسٹیبل نے محنت کش کو قتل کر دیا‘ شہریوں کا احتجاج

لاہور (سٹاف رپورٹر) تلخ کلامی پر شادباغ میں ٹائیگر سکواڈ کے اہلکار نے 35 سالہ  محنت کش کو قتل کر دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ گجر پورہ میں تعینات ٹائیگر سکواڈ کے اہلکار مشکوک افراد کا پیچھا کرتے ہوئے شادباغ شہباز روڈ پر پہنچ گئے وہاں  فیکٹری میں کام کرنے والے ملازم یاسین کو روک کر اس کی تلاشی لینا شروع کر دی۔ دوران تلاشی اہلکار زاہد یاسین کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جس پر زاہد نے فائرنگ کرکے یاسین کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر اہل علاقہ نے زاہد کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ اطلاع ملنے پر شادباغ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور اہلکار زاہد کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس اہلکار کے ہاتھوں محنت کش یاسین کے ناحق قتل پر اہل علاقہ مشتعل ہو گئے اور رنگ روڈ بلاک کر دی اور پولیس کے خلاف سخت احتجاج کیا۔مزید برآں ڈی آئی جی آپریشنز رانا عبدالجبار نے گجر پورہ میں شہری محمد یاسین کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے ملزم زاہد کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا ہے اور اس کیخلاف کارروائی قانون کے مطابق کی جائیگی۔ رانا عبدالجبار نے بتایا کہ اس واقعہ کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کیلئے ایس پی سول لائنز کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے اور وہ معاملہ کی چھان بین کر رہے ہیں اور جو کوئی  بھی اس معاملہ میں ملوث پایا گیا‘ اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔