پنجاب میں خسرہ کے خلاف بھرپور مہم اپریل میں چلائی جائے گی: بابر حیات

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب میں خسرہ کے خلاف بھرپور مہم رواں سال اپریل کے مہینے میں چلائی جائے گی جس کے دوران 9 ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے تقریباً 3 کروڑ بچوں کو ویکسین کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اس مہم پر 3 ارب روپے سے زائد فنڈز خرچ کئے جائیں گے۔ اس بات کا اعلان سپیشل سیکرٹری صحت پنجاب بابر حیات تارڑ کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی برائے انسداد خسرہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خسرہ مہم پر ہونے والے اخراجات میں گاوی کا شیئر 16.79 ملین ڈالرز اور حکومت پنجاب کا حصہ 14.69 ملین ڈالرز ہو گا اور اس مہم میں استعمال ہونے والی خسرہ کی ویکسین عالمی معیار کے مطابق یونیسیف کے ذریعے خرید کی جائے گی۔