نادرا کے سینکڑوں ملازمین کا پریس کلب کے سامنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ‘ اپ گریڈیشن کا مطالبہ

لاہور (سپیشل رپورٹر) نادرا کے سینکڑوں ملازمین نے مطالبات کے حق میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ڈیٹا انٹری اپریٹر کو گریڈ 7 کی بجائے وعدہ کے مطابق گریڈ 12 دے جبکہ بلوچستان اور خیبر پی کے میں ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں جبکہ تنخواہوں میں پچاس فیصد اضافہ کیا جائے۔ ملازمین نے کافی دیر تک سڑک روک کر نعرہ بازی کی اور نادرا انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔ یونین کے پنجاب کے صدر آصف بشیر نے موقع پر بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ ملتان سے ملازمین کو نوکریوں سے نکالا گیا ہے ان کو بحال کیا جائے۔