غیرقانونی تعمیرات روکنے کیلئے انفورسمنٹ کا کنٹرول چیف ٹائون پلانر کے سپرد

لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احد خان چیمہ نے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا اور منظور شدہ رہائشی سکیموں میں غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام اور تعمیراتی قواعد پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا انتظامی کنٹرول دو ماہ کیلئے چیف ٹائون پلانر کے سپرد کر دیا ہے۔ اس دوران ایل ڈی اے افسران اور عملے پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل  دی جائیں گی جو زیرتعمیر عمارتوں کا موقع پر جا کر معائنہ کریں گی اور بلڈنگ کنٹرول‘  کمرشلائزیشن اور نادہندگان سے ریکوری کے فرائض  انجام دیں گی۔ دریں اثناء  ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد خان چیمہ نے ڈائریکٹوریٹ  آف لینڈ ڈویلپمنٹ ون میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر (جنرل کیڈر) عبدالواحد کا تبادلہ کرکے انہیں ان کے اپنے ہی پے سکیل میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ  ایکوزیشن تعینات کر دیا ہے۔