سبزیوں کی طلب و رسد میں فرق کم کرنے کیلئے جامع پالیسی بنا رہے ہیں: اقبال چنڑ

لاہور (ثناء نیوز) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ضروریات زندگی کی ہر سہولت ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے سلسلے میں تیزی سے کار فرما ہے۔ اس سلسلے میں جامع پلان کے ساتھ ہر شعبہ میں ترقی کے لئے عملی اقدامات شروع کر دیئے گئے۔ کسان میلے اور زرعی نمائشوں کے ذریعے کسانوں اور کاشتکاروں تک جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی منتقلی اہم ذریعہ ہیں۔ مختلف وفود سے گفتگو میں ملک اقبال چنڑ نے  کسان پیداوار میں اضافے اور پیداواری لاگت میں کمی کے لئے جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سبزیوں کی طلب اور رسد میں فرق کم کرنے کے لئے جامع پالیسی تیار ہو رہی ہے جس سے سبزیوں و پھلوںکی قیمتوں میں نمایاں کمی اور استحکام پیدا ہو گا۔  انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیل کے کاشتکاروں کو ان کے حصہ کا پانی یقینی بنانے اور اسے ضائع ہونے سے بچانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں نہروں اور راجباہوں کی پختگی کے ساتھ ساتھ بھل صفائی پر بھی خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ صوبہ بھر میں بھل صفائی مہم 15 اپریل تک جاری رہے گی‘ اس دوران 3500 میل نہروں کی صفائی 22 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں رواں سال کے اختتام تک 1279 فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جائیں گے۔ جس پر 10 ارب روپے کی لاگت آئے گی اس منصوبے کی تکمیل سے سے شہری و دیہی علاقوں میں پینے کا صاف پانی دستیاب ہو سکے گا۔