ربیع الاول کے دوران پیغام نبویؐ عام کیا جائے: میاں جمیل

لاہور (خصوصی نامہ نگار) علماء ربیع الاول کے دوران پیام نبویؐ عام کریں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید پاکستان کے مرکزی سربراہ میاں محمد جمیل نے کیا۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ سیرت کانفرنس اور سیمینارز کا اہتمام کیا جائے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ قرآن و حدیث کے پیغام کو عام کرنا اور توحید و سنت کی دعوت کو پھیلانا ہی تعلیمات نبویؐ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرک و بدعت کے خاتمہ کیلئے کسی قسم کی ملامت اور مخالفت کی پرواہ نہ کی جائے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ انسانیت کی بھلائی کیلئے پیغام سیرت گھر گھر پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی اطاعت رسولؐ سے ہی ممکن ہے۔