بجلی اور گیس کا بحران شدید‘ لوڈشیڈنگ کیخلاف کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری

بجلی اور گیس کا بحران شدید‘ لوڈشیڈنگ کیخلاف کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری

لاہور+ فیصل آباد+ شیخوپورہ+ پاکپتن (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں بجلی اور گیس کا بحران شدید ہوگیا۔ اکثر شہروں میں بجلی 14 سے 16 گھنٹے تک بند رہنے لگی جبکہ گیس کی بندش اور پریشر نہ ہونے کی وجہ سے لوگ گھروں میں کھانا پکانے میں بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ کے خلاف مختلف شہروں میں گذشتہ روز بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ بجلی کے شارٹ فال میں کمی کے دعوئوں کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوسکا۔ این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق بجلی کا شارٹ فال کم ہو کر 2200 میگاواٹ کی سطح پر آ گیا۔ گذشتہ روز ملک میں بجلی کی طلب 11200 میگاواٹ جبکہ پیداوار 9000 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔ این ٹی ڈی سی کے مطابق ارسا نے بھل صفائی کیلئے نہریں بند کر رکھی ہیں جس کے باعث ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار کم ہونے سے شارٹ فال بڑھا ہے۔ دوسری طرف بجلی کے شارٹ فال میں کمی کے دعوئوں کے باوجود لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی نہیں ہوسکی۔ دیہی علاقوں میں دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے تک بر قرار ہے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی بندش اور کم پریشر کی شکایات برقرار ہیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی سمیت سمندری روڈ عبداللہ پل سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے گیس لوڈ شیڈنگ کیخلاف سمندری روڈ بلاک کر کے حکومت کیخلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے سڑک کو ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بلاک کردیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اور ڈنڈے اٹھا رکھے تھے جن پر محکمہ سوئی گیس اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے محکمہ سوئی گیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس اور بجلی بحال نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق مختلف علاقوں میں بجلی اور گیس کے بحران میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جبکہ محکمہ سوئی گیس کی مسلسل خاموشی بھی معنی خیز ہے۔ بھاری بلوں کے باوجود عوام کو گیس مہیا نہیں کی جا رہی اسی طرح بجلی کی شیخوپورہ میں 14 سے 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پریس کلب، ہاؤسنگ کالونی، دوشہرہ گراؤنڈ اور گھنگ روڈ پر احتجاجی مظاہرے کئے۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی بندش کے خلاف محلہ سمادھانوالہ کے رہائشیوں اور سرکلر روڈ کے تاجروں نے سڑک بلاک کر کے واپڈا کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کئی گھنٹوں تک ٹریفک بلاک رکھی۔