ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق‘ 3 خواتین سمیت 18 زخمی

لاہور/ رائیونڈ (نامہ نگاران) رائے ونڈ روڈ پر تیز رفتار ٹرک اور ویگن میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد  جاں بحق  جبکہ 12شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ مقامی لوگوں نے ویگن کے شیشے توڑ کر زخمیوں کو باہر نکالا۔ بعدازاں امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا ۔گزشتہ روز رائے ونڈ روڈ پر بحریہ ٹائون گیٹ نمبر 1 کے قریب یو ٹرن پر تیز رفتار ٹرک اور ویگن میں تصادم ہو گیا جس کے بعد ٹرک ڈرائیور ٹرک سمیت موقع سے فرارہوگیا جبکہ ویگن میں سوار 3 افراد  جاں بحق جبکہ 3 خواتین سمیت 12افراد شدید زخمی ہوئے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق رائے ونڈ سے لاہور آنے والی ویگن نمبرجے اے۔9636کو بحریہ ٹائون گیٹ نمبر ایک کے قریب یو ٹرن پر دوسری جانب سے آنے والے تیز ٹرک نے بُری طرح ٹکر ماری اور ڈرائیور ٹرک سمیت فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا‘ لیکن اس کی تلاش جاری ہے۔ ایک اور واقعہ میں رائے ونڈ  سٹی ریلوے پھاٹک کے قریب ضلع قصور کا رہائشی زبیر احمد ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے لاہور سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا۔ حادثہ دھند کی وجہ سے پیش آیا۔ دوسری جانب دھند کے باعث ملتان روڈ پر ٹرک‘ موٹرسائیکل رکشے اور لوڈر گاڑی کی ٹکر کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔