لاہور: 7 گھروں میں 47 لاکھ کے ڈاکے، کوٹ رادھا کشن میں ڈیڑھ کروڑ لوٹ لئے گئے

لاہور+ کوٹ رادھا کشن (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ ڈاکوئوں نے 7 گھرورں سے 47 لاکھ کا مال لوٹ لیا۔  کوٹ رادھا کشن میں ڈاکوئوں نے شوگر مل میں گھس ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی رقم چھین لی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے غازی آباد میں شمیم اختر کے گھر سے10 لاکھ ،نواں کوٹ میں خرم کے گھر سے8لاکھ ،مانگا منڈی میں ایوب کے گھر سے7لاکھ، شادباغ میں لطیف کے گھر سے7لاکھ، فیکٹری ایریا میں راشد کے گھر سے6لاکھ کی نقدی اور سامان لوٹ لیا۔ فیکٹری ایریا میں زاہد اور اسکی فیملی سے5لاکھ، ٹائون شپ میں فیاض کے گھر سے5لاکھ، ملت پارک میں ثناء اللہ کے گھر سے4 لاکھ، نصیر آباد میں محسن کی فیملی سے4لاکھ، ڈیفنس میں ندیم کی فیملی سے2 لاکھ، شادمان میں شاہ زیب کی فیملی سے2، ماڈل ٹائون میں قیصر کی فیملی سے ایک لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے سمن آباد میں ماجد سے55ہزار  اورموبائل فون، مصطفی آباد میں عدنان سے40ہزار  اور موبائل فون، شاہدرہ میں ارسلان سے35ہزار اور موبائل فون، اسلام پورہ میں شہزاد سے20ہزار   اور موبائل فون، قلعہ گجر سنگھ میں افضل سے20ہزار  اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ڈیفنس سے آفاق، اقبال ٹائون سے جاوید، ماڈل ٹائون سے نوید کی کاریں جبکہ نشتر کالونی سے جنید، شیرا کوٹ سے مشتاق، مناواں سے یاسین، ساندہ سے حنیف کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ ادھر 15 سے زائد پولیس وردیوں میں ملبوس ڈاکو تھانہ کوٹ رادھاکشن کے نواحی گائوں چک 65 میں واقع شوگر مل میں داخل ہوگئے اور اسلحہ کے زور پر شوگر مل کے ملازمین کو یرغمال بنا لیا اور کیش روم کے دروازے توڑکر 2 عدد سیف الماریاں اٹھا کر لئے گئے اور قریبی کھیتوں  میں گیس سلنڈر سے ایک سیف الماری کوکاٹ کر اس میں سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد لوٹ کر فرار ہو گئے۔ رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق ڈاکوئوں کی تعداد چالیس کے قریب بتائی جاتی ہے جنہوں نے ملز میں داخل ہوتے ہی سکیورٹی گارڈوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور خوف و ہراس پھیلانے کیلئے ملز کے اندر دستی بم پھینکے۔ واردات کے بعد ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے  فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کاہنہ سے نامہ نگار کے مطابق فیروز پور روڈ پرانہ کاہنہ کے نزدیک ڈاکوئوں نے پٹرول پمپ کو لوٹ لیا اور لاکھوں روپے نقدی موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔