لاہور کیمپ جیل: قیدی نے سر میں اینٹیں مار کر ساتھی کو قتل کر دیا

لاہور (نامہ نگار) کیمپ جیل میں ایک قیدی نے دوسرے  کو اینٹیں مار کر قتل کر دیا۔ بیرک نمبر 3 میں قتل کے مقدمات میں ملوث جھنگ کا رہائشی نور آصف اور ملتان روڈ مصطفی آباد کا رہائشی 30 سالہ سہیل اختر قید تھے۔ گزشتہ روز آصف پیشی پر جھنگ عدالت گیا تھا۔ واپس جیل آیا تو اس نے بیرک میں سوئے ہوئے اپنے ساتھی قیدی سہیل اختر  کے سر پر اینٹوں سے وار کرکے قتل کردیا۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مقتول سہیل اختر کے مخالفین نے قیدی نور آصف سے ساز باز کرکے اسے جیل میں مروایا ہے۔ شادمان پولیس نے مقتول سہیل اختر کی لاش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے اور کیمپ جیل  کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اصغر منیر کی درخواست پر مقدمہ  درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔