صحت مند لائف سٹائل، تمباکو نوشی سے پرہیز اور واک سے کینسر سے بچا جا سکتا ہے: ڈاکٹر شہریار

لاہور (نیوز رپورٹر) صحت مند لائف سٹائل، تمباکو نوشی سے پرہیز اور باقاعدگی سے واک کرنے سے کینسر جیسی مہلک مرض سے بچا جا سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر شہریار نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورمیں کینسر کیئر ہسپتال کے تعاون سے ورلڈ کینسر ڈے کے موقع پر ہونے والے سیمینار میں کیا۔ اس موقع پر  وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمان، پروفیسرڈاکٹر اسلام اللہ خان، ڈاکٹر نصرت جہاں، ڈاکٹر غزالہ یاسمین بٹ اور ڈاکٹر صفدر مرزا بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمان نے کہا کہ بڑی تعداد میں جی سی یو کے طالبعلم شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال میں ملک سے کینسر کے خاتمے کا جذبہ لئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر شہریار جو کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ اونکولوجی کے سربراہ بھی ہیں نے اپنے لیکچر میں کہا کہ کینسر کی تقریباً400 اقسام ہیں جن میں 20سے30فیصدقابلِ علاج ہیں،جبکہ علاج کے ذریعے 50فیصد مریضوں کی زندگی کو بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کینسر کا مرض تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب میں ہر سال کینسر کے 1 لاکھ62 ہزار مریضوں کا اضافہ ہو جاتا ہے۔